وفاقی حکومت نے اخراجات میں کمی کے لیے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
وفاقی حکومت نے اخراجات میں کمی اور وفاقی حکومت کے حجم کو کم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
وفاقی حکومت کا سائز چھوٹا کرنے کے لئے قائم کمیٹی کی سربراہی وزیر خزانہ کریں گے جبکہ منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، اقتصادی امور کے وزراء رکن مقرر کر لیے گیے ہیں، اس کے علاوہ سیکرٹری، پاور ڈویژن، سیکرٹری، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی میں بلال اظہر کیانی، ڈاکٹر قیصر بنگالی، ڈاکٹر فرخ سلیم کو بھی شامل کر لیا گیا ہے جبکہ اعلی سطح کی کمیٹی کے ٹی او آر بھی وضع کر لئے گئے ہیں۔
وفاقی حکومت کے امور کی انجام دہی کے لئے تجاویز اور ٹھوس پلان تیار کیا جائے گا جبکہ کمیٹی اثاثہ جات، انسانی وسائل اور دیگر امور کی حفاظت کے طریقہ کار تجویز کرے گی۔
کمیٹی کو تفویض کردہ کام کے دائرہ کار سے متعلق کوئی بھی معاملہ زیر غور لایا جاسکے گا اس کے علاوہ کمیٹی ضرورت کی بنیاد پر کسی بھی اضافی ممبر کا انتخاب کر سکتی ہے۔
کمیٹی 75 دنوں کے اندر اپنی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی، جبکہ کابینہ ڈویژن کا ادارہ جاتی اصلاحات کا سیل کمیٹی کی معاونت کرے گا۔
