وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت وزارت داخلہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں میں غیر ملکیوں خصوصاچینی شہریوں کی حفاظت کے لئے کئے گئےاقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ملک میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بھی غور کیا گیا جبکہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی پلان کے ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت بھی کی۔
محسن نقوی نے دوران اجلاس کہا کہ وضع کردہ پلان کی ہر سطح پر باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے، اس کے علاوہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کے لئے متعلقہ ادارے قریبی رابطہ رکھیں۔
وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ سکیورٹی پلان پر کسی قسم کی غفلت کی گنجائش نہیں ہے جبکہ اجلاس میں وزارت داخلہ سمیت متعلقہ اداروں کی جانب سے سکیورٹی پلان اور مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
واضح رہے کہ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، سربراہ نیکٹا محمد طاہر رائے، کوآرڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان، متعلقہ اداروں اور وزارت داخلہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
