پاکستان کو نشے کی لعنت سے نجات دلوانے کیلئے حکومت پاکستان اور عسکری قیادت کے حکم پر ملک بھر میں منشیات فروشوں کیخلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
ستمبر 2023 سے جاری اب تک آپریشن کے دوران متعلقہ اداروں نے ملک بھر سے 1037 میٹرک ٹن منشیات ضبط کیں اور 1538 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔
جون کے مہینے میں بلوچستان سے 4847 کلو منشیات برآمد ہوئیں جن میں 495 کلو ہشیش، 2 کلو میتھ اور 878 کلو دیگر منشیات
شامل ہیں۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا سے 83 کلو ہشیش برآمد ہوئیں جبکہ گلگت بلتستان سے 161 کلو منشیات ضبط کی گئیں جن میں 102 کلو ہشیش اور 57 کلو افیون شامل ہیں۔
پنجاب سے 56 کلو منشیات ضبط ہوئیں جن میں 39 کلو ہیروئن، 12کلو ہشیش اور 4 کلو میتھ شامل ہیں، تاہم متعلقہ اداروں نے سندھ سے 38 کلو منشیات ضبط کیں جن میں 35 کلو ہشیش اور 2 کلو میتھ شامل ہیں۔
ملک کو منشیات سے مکمل پاک کرنے کیلئے متعلقہ ادارے اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔
