Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اقلیتوں کے خلاف بڑھتے واقعات قوم کیلئے باعث شرم ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے خلاف بڑھتے واقعات قوم کے لیے باعث شرم ہیں۔

وفاقی وزیر خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے پر ہاؤس میں اتفاق ہونا چاہیے، اقلیتوں کا تحفظ ریاست کی ذمے داری ہے۔

قومی اسمبلی میں خواجہ آصف کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے شورشرابہ کیا جس کے بعد انہوں نے کہا کہ میں بولوں گا، کوئی مجھے نہیں روک سکتا، بلیک میل نہیں ہوسکتا، ہاؤس کو بلیک میل نہ کرائیں، ایوان میں بلیک میلنگ نہیں چلے گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جب یہ لوگ باہر تھے میں نے آپ سے ٹائم لیا تھا، یہ ہمیں گالیاں دے رہے ہیں، مذہب کے نام پر اقلیتیں غیرمحفوظ ہوگئی ہیں، سیاسی یا متنازعہ مسئلے پر بولنا نہیں چاہتا، میں اقلیتوں کے معاملے پر بولنا چاہتا ہوں، یہاں اقلیتوں کو روزانہ قتل کیا جارہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ یہ مجھے بولنے نہیں دے رہے،سیاسی مفادات کا تحفظ کررہے ہیں، اپوزیشن کوشرم آرہی ہے نہ حیا، پاکستان میں کوئی مذہبی اقلیت محفوظ نہیں، اپوزیشن مظاہرہ کر کے دہشت گردوں کے ساتھ کھڑی ہے، اپوزیشن گالی اور تشدد کی سیاست کرنا چاہتی ہے، اپوزیشن والے اپنی اوقات دکھارہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ مسلمانوں کے چھوٹے فرقے بھی محفوظ نہیں، اپوزیشن مفادات کے تحفظ کے لیے پینترے بدلتی ہے، اندر بیٹھا لیڈر بھی روز پینترے بدلتا رہتا ہے، اپوزیشن نہ ملک کے ساتھ ہے نہ عوام کے ساتھ۔

انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے فیصلے وفاقی کابینہ میں لے کر جارہے ہیں، یہ لوگ کل بھی 9مئی والے تھے، آج بھی 9 مئی والے ہیں اور یہ لوگ آئندہ بھی بھی 9 مئی والے ہی ہوں گے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ آپریشن عزم استحکام کی کابینہ سے بھی منظوری لی جائے گی، آپریشن عزم استحکام پر پارلیمنٹ میں بھی بحث ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version