اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی کاوشیں رنگ لے آئیں، وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ رکن سید وسیم حسین کا مطالبہ تسلیم کر لیا۔
وزیراعظم نے حیدرآباد میں سانحہ پریٹ آباد کے متاثرین کی مالی مدد کی ہدایت دیتے ہوئے سلنڈر دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کے اہل خانہ کے لیے معاوضے کی منظوری دے دی۔
اس حوالے سے متحدہ رکن اسمبلی سید وسیم اور چیئرمین، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
حیدرآباد میں سانحہ پریٹ آباد سے متعلق حق پرست رکن قومی اسمبلی سید وسیم نے وزیر اعظم کو خط میں توجہ دلائی جس کے بعد وزیراعظم نے خود سانحہ حیدر آباد متاثرین میں امداد تقسیم کرنے کا عندیہ دیا۔
واضح رہے کہ حیدرآباد سلنڈر بلاسٹ حادثے میں ابتک 27 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، کئی زخمی افراد کراچی و حیدرآباد کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
