Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی برآمدات کو عالمی سطح پر فروغ دینا ملکی معیشت کے لیے ناگزیر ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی برآمدات کو عالمی سطح پر فروغ دینا ملکی معیشت کے لیے ناگزیر ہے۔

شہباز شریف سے نوجوان انٹرپرنیورز کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد میں ٹیکسٹائل، تعمیرات، آئل اینڈ گیس، تعلیم، صحت، لاجسٹکس، زراعت، برآمدات اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان کاروباری افراد شامل تھے۔

اس موقع پر محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کاروباری برادری کو معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی، پاکستانی برآمدات کو عالمی سطح پر فروغ دینا ملکی معیشت کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدات کے فروغ کے لیے نوجوان کاروباری افراد انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، حکومت اور کاروباری برادری کے تعاون سے ملک کا مالی اور تجارتی خسارہ کم کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو باصلاحیت افرادی قوت میں تبدیل کر کے ملکی معیشت کو محرک کیا جا سکتا ہے، حکومت پاکستان معاشی مواقعوں کی فراہمی میں صنفی امتیاز ختم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ پاکستانی برآمدات میں اضافے کے لیے اہم ثابت ہو گا، ہم حکومت کے حجم میں کمی اور حکومتی اداروں کو مزید فعال بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا اور کاروبار دوست پالیسیاں تشکیل دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے اقتصادی مشاورتی کمیٹی کی طرز پر نوجوان کاروباری افراد پر مشتمل یوتھ آنٹرپرنیور ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی۔

ان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے مابین کاروباری اشتراک کا فروع ہماری اولین ترجیح ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی کی رفتار تیز ہو جائے گی۔

ملاقات میں وفد نے مختلف شعبوں میں پاکستانی کاروباری برادری کی عالمی اور ملکی سطح پر کامیابیوں اور ان کو درپیش مختلف مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وفد نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تاریخ ساز کامیابی پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کاروباری برادری بالخصوص نوجوان کاروباری افراد کو ان کی کاوشوں پر سراہا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر برائے نجکاری عبد العلیم خان، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وفاقی وزارتوں کے سیکرٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version