لاہور: پنجاب میں ماڈل بازاروں سے مفت ہوم ڈیلیوری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی مظوری وزیراعلیٰ مریم نواز نے دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین اور ممبر قومی اسمبلی محمد افضل کھوکھر کی ملاقات ہوئی جس میں چیئرمین افضل کھوکھر نے انکو ماڈل بازار پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ماڈل بازاروں سے آن لائن آرڈر کے لیے موبائل ایپ لانچ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ماڈل بازاروں کو گرین پنجاب سولر ماڈل میں منتقل کیا جائے گا۔
مریم نواز نے ہر ضلع میں ایک سال کے اندر ماڈل بازار قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا اور ماڈل بازاروں میں مقررہ نرخ سے کم سبزیاں اور پھل کی فروخت یقینی بنانے کی بھی ہدایت دے دی۔
دوران ملاقات وزیراعلیٰ پنجاب نے ماڈل بازاروں میں بہترین پھل اور سبزیاں فروخت کے لئے پیش کرنے کا بھی حکم دیا اور ماڈل بازاروں میں اوزان و پیمائش کی مانیٹرنگ جاری رکھنے کی بھی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی ڈویلپمنٹ کے لئے 35 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، پوری لگن اور محنت کے ساتھ پنجاب کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچا رہے ہیں، ماڈل بازار عام آدمی کے لئے ہیں، ہر صورت میں اچھی چیز ملنی چاہیے۔
