وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگرد پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے باجوڑ دھماکے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کی مغفرت اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم نے واقعہ کے ذمہ داران کی جلد نشاندہی کرکے سزا دلوانے کی ہدایت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، دہشتگرد پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں پانچ افراد شہید ہوگئے۔
دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ بھی شہید ہوگئے ہیں، علاوہ ازیں ملک عرفان، نظر الدین، یار محمد اور سمیع الرحمان بھی شہید ہوگئے ہیں۔
ہدایت اللہ خان ساتھیوں کے ہمراہ الیکشن مہم کے بعد ڈمہ ڈولہ سے واپس ہیڈ کوارٹر خار اۤرہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
