Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امید ہے مخصوص نشستیں قانون کے مطابق ہمیں ملیں گی، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ امید ہے کہ مخصوص نشستیں قانون کے مطابق ہمیں ملیں گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہوتی اگر آج مخصوص نشستیوں کا مختصر فیصلہ آجاتا، امید ہے 3،2 دن میں فیصلہ آئے گا اور یہ سیٹیں ہمیں ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کو جیتی ہوئی نشستوں سے زیادہ نشستیں دینا آئین کے خلاف ہے، آج کہا جاتا ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے نشست جیتی ہے یا نہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ میرے ساتھ کھڑے ہیں، ان کو بھی بدنیتی کی بنیاد پر آزاد امیدوار کا نشان دے دیا گیا۔

انکا کہنا تھا کہ مخصوص نشستیں دینا ہمارا حق تھا، ہم نے 780 صفحات کے کاغذات الیکشن کمیشن میں جمع کرائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ مخصوص نشستوں کی وجہ سے کےپی میں سینیٹ الیکشن نہیں ہوسکے، الیکشن کمیشن نے غیر آئینی و غیر قانونی کارروائی کی ہے۔

اس موقع پر بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم نے تاریخ کو گواہ بنا کر دو ٹوک انداز میں بات کی، ہم نے اپنا حق مانگا، اپنا فرض پورا کردیا، سپریم کورٹ گواہ ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب کا کہنا تھا کہ یہ نشستیں کوئی مال غنیمت نہیں، یہ عوام کا حق ہے، کسی بھی قانون سازی کے ذریعے ہڑپ کرنے نہیں دیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version