صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ امام حسینؓ کی شہادت امتِ مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے۔
آصف علی زرداری نے یومِ ِعاشورہ پر قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ یوم عاشورہ حضرت امام حسینؓ کی میدان ِکربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے، امام حسین اور ان کے وفادار ساتھی ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ امام حسین اور ساتھیوں نے اسلامی اقدار کے احیاء، امت ِمسلمہ کے حقوق کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا، امام حسین کی شہادت امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امام حسین نے شدید دباؤ ، مشکلات کے باوجود ظالم و جابر حکمران کے خلاف کلمہ ِحق بلند کیا، امام حسین نے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے، آزمائشوں میں ثابتِ قدم رہنے کا درس دیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ امام حسین اور آپ کے بہادر ساتھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی عظیم مثال ہیں، آپ نے دین کی خاطر جان اور اہل و عیال کی قربانی گوارا کی مگر ظالم کے آگے سر نہ جھکایا، آج اسلام امام حسین اور انکے ساتھیوں کی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ میدانِ کربلا میں قربانیاں اہل ِایمان کے جذبات کو امتحان کے وقت میں جلا بخشتی ہیں، آج کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو آزمائشوں اور مصائب کا سامنا ہے، فلسطینی اور کشمیری عوام انصاف اور آزادی کیلئے سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی اور کشمیری عوام کی جدوجہد ان کے پائیدار عزم و استقلال اور جذبے کا ثبوت ہے، واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنے، ظلم و جبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کی فلاح اور بہتری کی خاطر ذاتی مفادات ایک طرف رکھتے ہوئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے، پوری پاکستانی قوم سے صبر اور محنت کرنے، انصاف کیلئے کھڑے ہونے کی اپیل کرتا ہوں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ہمیں غریبوں اور ناداروں کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے، اللہ تعالیٰ ہمیں امام حسین کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے، پاکستان کو ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔
