رینجرز کی جانب سے سندھ کے دیگر شہروں اور کراچی میں محرم الحرام یوم عاشورہ کے موقع پر مرکزی جلوسوں اور مجالس کے لئے سخت سیکیورٹی انتظامات کیئے گئے ہیں۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ کی ہدایات پر خصوصاً کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے رینجرز کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں مرکزی جلوس کی اجتماع گاہ نشتر پارک اور جلوس کے دیگر روٹس نمائش چورنگی،ایم اے جناح روڈ، سی بریز، ریمبو سینٹر، صدر دواخانہ، ریگل چوک، پریڈی اسٹریٹ، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، بولٹن مارکیٹ، بمبئے بازار کھارادر اور حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کو سیکیورٹی کے حوالے سے کلیئر کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سندھ رینجرز کے اہلکار انتہائی حساس امام بارگاہوں میں مجالس کی سیکیورٹی پر بھی مامور ہیں، تمام مکاتب فکر کے علماء نے محرم الحرام کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو یقینی بنایا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق سندھ بھر اور کراچی میں سندھ رینجرز کی جانب سے محرم الحرام کے دوران کیے جانے والے سیکیورٹی انتظامات کو سراہا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثاروں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشورہ عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔
