وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیاسی قوتوں نے امن خراب کرنے کی کوشش کی۔
عطااللہ تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 15 جولائی کو بنوں چھاؤنی پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، دہشتگردوں کے حملے میں ہمارے 8 جوان شہید ہوئے، قومی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، فیک نیوز پھیلائی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے امن مارچ میں فائرنگ کی مذمت کی، 15 جولائی کو ہوئے دہشتگردی واقعے کی مذمت نہیں کی۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ اچھا ہوتا بانی پی ٹی آئی دہشتگردی کی مذمت کرتے، لگتا ہے پُرامن مارچ کو سیاسی قوتوں نے سیاست کی نذر کیا، سیاسی قوتوں نے امن خراب کرنے کی کوشش کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جس جماعت کی وہاں حکومت ہے اس کے لوگ مارچ میں شامل تھے، وہاں کی حکومت کو اس واقعے کی تحقیقات کرانا درست نہیں۔
