لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سرکاری محکموں کی مانیٹرنگ کیلئے ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھایا جائے۔
مریم نواز سے چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف ایویلیوایشن، فیڈ بیک، انسپیکشن اینڈ مانیٹرنگ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ نے ان کو عہدہ سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں انتظامی سطح پر گورننس، شفافیت کے لئے تجاویز اور سفارشات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ حکومتی فیصلوں اور پالیسی سازی میں عوامی رائے کو شامل کرنے کے طریقہ کار پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پبلک سروس سے متعلقہ سرکاری محکموں کی مانیٹرنگ بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھانے اور انتظامیہ و پولیس کے لیے جدید ترین ٹریننگ میکنزم تشکیل دینے کی ہدایت بھی دی۔
ملاقات کے دوران مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کی پرفارمنس انڈیکس کے قیام سے افسران میں احساس ذمہ داری کا اضافہ ہوا ہے، کی پرفارمنس انڈیکس کی سخت مانیٹرنگ کی جائے، گڈ گورننس یقینی بنانے کے لئے ڈیفم کردار نہایت اہم ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
