لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی تمام تر توجہ غریب عوام کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال اور صوبائی اسمبلی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
ملاقات میں ترقیاتی پراجیکٹس پر تفصیلی گفتگو بھی ہوئی اور اسپیکر نے مصنوعی مہنگائی کے تدارک کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔
اسپیکر ملک محمد احمد خان نے ملک کی پہلی ایئر ایمبولینس سروس کی کامیاب ٹیسٹ فلائٹ پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پہلا سرکاری کینسر اسپتال، نوازشریف آئی ٹی سٹی، ای بائیکس، سولر پینل اور ایئر ایمبولینس جیسے پراجیکٹس اپنی مثال آپ ہیں۔
اس موقع پر مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ غریب عوام کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے، مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرکے ہمیشہ کے لئے دفن کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ملاقات میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔
