وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاست ریاست کو نقصان پہنچانے کے گرد گھومتی رہی ہے۔
عطا تارڑ نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ تحریک انتشار کے سرغنہ نے 9 مئی واقعہ میں منصوبہ سازی کا اعتراف جرم کر ہی لیا، پی ٹی آئی کی سیاست ریاست کو نقصان پہنچانے کے گرد گھومتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ لاشوں پر سیاست کی ہے، 9 مئی کو 200 سے زائد فوجی تنصیبات اور جی ایچ کیو پر حملے کیے گئے، کور کمانڈر ہاؤس کے باہر بانی پی ٹی آئی کے خاندان کے لوگ موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خاندان کے لوگ حملوں کی ہدایات دیتے رہے، زمان پارک دہشتگردوں کا تربیتی ہیڈ کوارٹرز بنا رہا، زمان پارک میں پٹرول بم تیار کیے جاتے تھے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ زمان پارک سے ریاست پر حملے کی تربیت دی جاتی رہی، آئی ایم ایف کو خط لکھنے اور سائفر لہرانے کی سازش کی گئی، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہر وہ کام کیا جو ملک دشمن بھی نہ کرسکے، شرپسند، انتشاری ٹولے کے خلاف سخت کارروائی قومی مفادات کا تقاضا ہے۔
