اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے چھٹکارے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔
محمد اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آنا شروع ہوئی ہیں، فچ نے پاکستان کی ریٹنگ کو بہتر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے شرح منافع کو کم کیا ہے، آئی ایم ایف کے نئے قرض پروگرام سے عالمی سطح پر اعتماد بہتر ہوا ہے، وزیر اعظم اس آئی ایم ایف پروگرام کو آخری پروگرام قرار دینا چاہتے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اگر ہمیں آئی ایم ایف پروگرام کو آخری بنانا ہے تو ہمیں توانائی سیکڑ میں فوری اصلاحات لانا ہوں گی، توانائی کے انرجی مکس کی بہتری کے لئے کام کرنا ہوگا، توانائی کے گردشی قرضوں کو بہتر کرنا ہے، نجکاری پالیسی پر عمل کرنا ہوگا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہمیں اپنے اقتصادی معاملات میں شفافیت لانے ہوگی، ایس ای سی پی بنیادی ریگولیٹر ہے، ٹیکنالوجی کے استعمال سے آگے بڑھنا ہوگا۔
انکا کہنا تھا کہ کمپنی رجسٹریشن کا عمل آسان بنانا بہترین عمل ہے، اس ملک میں بہت استطاعت ہے، ایک ارب ڈالر یا اس سے کم کےلئے باہر جانا پڑتا ہے، ہماری اپنی مارکیٹ میں بہت پوٹینشل ہے، ریگولیشنز میں جہاں بھی قانون سازی کی ضرورت ہوگی تو حکومت سپورٹ کرے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نجی شعبے کی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں، حکومت ایسے کاروبار میں شامل نہیں ہوگی جو کہ نجی شعبہ کرتا ہے۔
