اسلام آباد: پاکستان نے گلف کے دوست ممالک کیلئے ویزا پالیسی میں تبدیلی کردی۔
سعودی عرب اور گلف ممالک کے لئے ویزا سہولت میں مزید آسانیاں پیدا کردی گئی ہیں، تاہم پاکستان نے سعودی عرب، بحرین، قطر، اومان کویت، متحدہ عرب امارات کو ترجیحی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
ایف آئی اے ایمیگریشن دوست ممالک کو آن ارائیول ویزا سہولت فراہم کرے گا، دوست ممالک مسافروں کے نام اسٹاپ لسٹ میں ہونے کے باعث کیس ایف آئی اے کے سپرد ہو گا اور ایف آئی اے ایمیگریشن 24 گھنٹے کے اندر کیس کا جائزہ لیکر ویزا درخواست کا جواب دے گا۔
علاوہ ازیں تمام زونل ڈائریکٹر اسٹاپ لسٹ ویزہ کو ڈیڈ لائن کے اندر پراسس کروانے کے پابند ہوں گے، تمام زونل ڈائریکٹر ایمیگریشن کاؤنٹرز پر نئی ویزا پالیسی کا اطلاق کروائیں گے۔
زونل ڈائریکٹڑ ایمیگریشن کاؤنٹرز پر بیٹھنے والے افسران کا خود انٹرویو کریں گے، ایمیگریشن کاؤنٹر پر دوست ممالک کے مسافروں کو “ویلکم ٹو پاکستان” کہنا لازم ہو گا۔
آن ارائیول ایمیگریشن کاؤنٹر پر خواتین کا کاؤنٹر بھی لازمی لگائے جائیں گے اور ہر ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کا “فیسلیٹیشن افیسر” لازمی تعینات ہوگا، “فیسلیٹیشن افیسر” اپنے عہدے کا “آرم بینڈ” لازمی استعمال کرے گا۔
مزید برآں پاکستان سعودی عرب اور دیگر گلف ممالک کو بزنس اور سیاحتی ویزہ ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرتا تھا، نئی پالیسی سے باقاعدہ ویزا درخواست کے بغیر آن ارائیول ویزا فراہم کیا جائے گا۔
