وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین سندھ لوکل گورنمنٹ کمیشن سعید غنی نے کہا ہے کہ کمیشن کوئی بھی فیصلہ قانون کے مطابق ہی کرے گی۔
سعید غنی کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹ کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و سیکرٹری کمیشن سید خالد حیدر شاہ، ارکان عبدالرحیم سومرو، وسیم احمد ارسانی، علی احمد بلوچ سیکرٹری قانون، ڈی جی کمیشن ابوبکر مدنی، ٹاؤن چیئرمین ابراہیم حیدری ٹاؤن نذیر بلوچ، میونسپل کمیشنر اور میونسپل کمیشنر گڈاپ احمد یار، حاجی شریف شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔
اجلاس میں گڈاپ اور ابراہیم حیدری ٹاؤن کے مابین مویشیوں کے ٹیکس کی وصولی کے تنازعہ کے حل کے حوالے سے دونوں ٹاؤنز کے ذمہ داران نے اپنے اپنے موقف کو سامنے رکھا۔
اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ کمیشن کوئی بھی فیصلہ قانون کے مطابق ہی کرے گی، ہم نے پہلے بھی دونوں ٹاؤنز کو مشورہ دیا تھا کہ وہ دونوں باہمی مشاورت کرکے اس تنازعہ کو حل کریں تاہم ابھی تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ کمیشن دونوں ٹائونز کو ایک بار پھر 20 اگست تک کی مہلت دے رہی ہے کہ وہ باہمی مشاورت سے اس تنازعہ کو حل کرلیں اور 20 اگست تک اپنی جو مشاورت ہو وہ کمیشن کو جمع کروادے، جس کے بعد کمیشن اس کا کوئی حتمی فیصلہ کرے گی۔
