لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی توانائی اور صلاحیتیں ملک کی ترقی کیلئے بے حد اہم ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نوجوان کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان قوم کا سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں، یوتھ کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی پر توجہ فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نوجوانوں کو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے مواقع دے رہی ہے، چیف منسٹر یوتھ انیشیٹیوز کے تحت نوجوان نسل کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد پروگرام جاری ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نوجوان طلبہ کی آسانی کے لئے ای اور پیٹرول بائیکس دی گئیں دوسرے فیز جلد لائیں گے، نوجوانوں کو بین الاقوامی جاب مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق آئی ٹی اسکلز ٹریننگ دی جارہی ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نوجوانوں کو پھر لیپ ٹاپ اسکیم دے رہی ہے، جلد نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے وظائف دیے جائیں گے، انشاء اللہ کسی نوجوان کی تعلیم میں فیس کی کمی آڑے نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی توانائی اور صلاحیتیں ملک کی ترقی کیلئے بے حد اہم ہیں، یقین ہے کہ ہمارے نوجوان محنت اور لگن سے پاکستان کو ایک ترقی یافتہ قوم بنائیں گے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ارشد ندیم نوجوانوں کیلئے محنت سے کامیابی کے حوالے سے ایک درخشاں مثال ہے، حکومت پنجاب اپنے نوجوانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی انہوں نے ہی اپنے ملک کا نام روشن کرنا ہے، نوجوانوں کے ہاتھوں میں پتھر اور پیٹرول بم کی بجائے لیپ ٹاپ، کتابیں اور اعلیٰ ڈگریاں دیکھنا چاہتی ہوں۔
