وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم بی بی خود چل کر “ارشد ندیم” کے گھر گئیں۔
عظمیٰ بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ہیروز کو عزت ایسے دی جاتی ہے، مریم بی بی خود چل کر “ارشد ندیم” کے گھر گئی اسے انعام کی رقم کے ساتھ ساتھ ایک گاڑی بھی گفٹ کی جسکا نمبر 92.97 ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس شخصیت پرست گروہ میں سے کوئی “ارشد ندیم” کے پاس پہنچا؟ یا انکی حکومت نے کسی انعام کا اعلان کیا؟
خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ہیرو کی پذیرائی کے لیے خودمیاں چنوں کی نواحی گاؤں میں اولپمیئن ارشد ندیم کے گھر پہنچ گئیں۔
101 پندرہ ایل میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی آمد پر اولمپیئن ارشد ندیم اور اہل خانہ نے ان کا پر خلوص استقبال کیا۔
مریم نواز شریف نے گھر کے اندر خود جاکر ارشد ندیم کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور مبارکباد دی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ارشد ندیم کی والدہ محترمہ رضیہ پروین کو گلے لگا کر مبارکباد پیش کی اور انہیں اپنے ساتھ بٹھا کر کافی دیر باتیں کرتی رہیں۔
مریم نواز شریف نے اہل خانہ کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔
المپیئن ارشد ندیم نے اولمپکس مقابلوں کی یاد تازہ کی اور اپنی کاوش سے انہیں آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اولمپیئن ارشد ندیم کو 10 کروڑ روپے کا چیک اور ہنڈا سوک کار’پی اے کے 92.97‘کی چابی پیش کی۔
مریم نواز نے کوچ سلمان اقبال بٹ کو بھی پچاس لاکھ روپے کا چیک دیا اور انہیں شاباشی دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کو بے مثال خوشی سے ہمکنار کیا ہے۔
