اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 5 سالہ نجکاری پروگرام کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق 2024 تا 2029 پروگرام کے تحت 24 اداروں کی نجکاری کی جائے گی اور جائزے کے بعد مزید ادارے بھی نجکاری پروگرام میں شامل کیے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پروگرام کے تحت 3 مراحل میں اداروں کی نجکاری کی جائے گی جبکہ پی آئی اے، ہاوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کا نجکاری عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ سرکاری بجلی تقسیم کار اور پیداواری کمپنیوں کی نجکاری کی جائے گی، پہلے مرحلے میں فیصل آباد، اسلام آباد، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنیوں کی نجکاری ہوگی جبکہ لیسکو، میپکو، پیسکو، ہیسکو، سیپکو اور حیسکو کی نجکاری دوسرے مرحلے میں ہوگی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی نجکاری ہوگی جبکہ پاکستان ری انشورنس کمپنی کی نجکاری بھی فہرست میں شامل ہے، تاہم نجکاری کے لیے منظور شدہ اداروں کا جامع نجکاری پلان کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔
