وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف، میاں نواز شریف کا پنجاب کے عوام کے لیے تحفہ ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی جانب سے مریم نواز کی بہترین کارکردگی پر شاباش دینا خوش آئند ہے، جبکہ پاکستان کے دو وزیراعظم مریم نواز کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دے رہے ہیں، یہ مریم نواز کے لیے فخر اور بڑے اعزاز کی بات ہے ۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریم نواز نے چند ماہ میں پنجاب میں جو کارنامہ سرانجام دیئے وہ تاریخی اور قابل ستائش ہیں، مریم نواز نے اپنے وسائل سے پنجاب کے عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولیات مفت مہیا کر کے ریکارڈ قائم کیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ روٹی کی قیمت میں کمی مریم نواز کی بہترین حکمت عملی اور ہوم ورک کا نتیجہ ہے، جبکہ پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس مریم نواز کا انسانیت دوست اقدام ہے، پنجاب میں آج باقی صوبوں کی نسبت مہنگائی قدرے کم اور اشیاء خورد نوش عام آدمی کی پہنچ میں ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریم نواز بہت جلد پنجاب میں سولر پینل اور اپنا گھر اپنی چھت منصوبے کو لانچ کرنے جا رہی ہیں، جبکہ مریم نواز 25 ہزار ہونہار طلبہ کو اسکالرشپ دینے کی منظوری دے چکی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ سب میاں نواز شریف کی لیڈر شپ اور ان کی رہنمائی کی بدولت ممکن ہو رہا ہے، پنجاب پانچ سال بعد دوبارہ 2018 والا پنجاب بنے گا، 2018 سے 2022 تک پنجاب پنکی،گوگی اور بزدار گینگ کے حوالے رہا، اس گینگ نے پنجاب کو 10 سال پیچھے دھکیل دیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید یہ بھی کہا کہ جو لوگ مریم نواز پر انگلیاں اٹھارہے انکے اپنے صوبے میں کرپشن کی آوازیں پارٹی کے اپنے لوگ اٹھارہے، علی امین گنڈاپور کی اپنی کابینہ کے لوگ ان کی کرپشن کی داستانیں خود بے نقاب کررہے ہیں، مریم نواز نے چند ماہ کی کارکردگی سے ثابت کیا وہ نواز شریف کا وزیراعلی کے لیے درست انتخاب ہیں۔
