وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں صارفین کو بجلی کی مد میں بڑا ریلیف دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی، محمد نواز شریف نے ملک میں ترقیاتی منصوبوں کا اغاز کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کی پہلی موٹر وے نواز شریف نے تعمیر کروائی، نواز شریف نے ملک میں موٹر ویز کا جال بچھایا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ محمد نواز شریف نے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کیں، پنجاب حکومت نے بجلی صارفین کو سہولیات فراہم کر کے احسن اقدام اٹھایا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں صارفین کو بجلی کی مد میں بڑا ریلیف دیا۔
انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری کے بعد معاملات آگے چلے، فوج نے شفاف تحقیقات کیں، اندرونی تحقیقات کا ان کا میکنزم ہے، تحقیقات کا دائرہ کار بڑھتا نظر آ رہا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک میں تقسیم، نفرت اور انتشار کی سیاست کی، ان لوگوں نے مل کر ملک کو نقصان پہچانے کی کوشش کی، تمام سازش کے سرغنہ بانی پی ٹی آئی تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ انکی سہولت کاری فیض حمید اور باقی افسران کر رہے تھے، سیاست کا مقصد عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اپنے دور میں عوام کیلئے آسانیاں پیدا کیں، نوازشریف کی قیادت میں خدمت کی سیاست کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان کے حالات مزید بہتر ہونگے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 14 روپے کمی کی، پنجاب حکومت کے اس اقدام سے صارفین کو گرمی کے مہینوں میں سہولت ہوگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مہنگائی اس دور میں ہوئی جب توشہ خانہ کیس کھلا، عالمی مالیاتی جریدے کہہ رہے ہیں مہنگائی میں مزید کمی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 14 اگست کو پٹرول کی قیمت میں کمی کی، عوام کو ریلیف دینے کے لیے جو بھی قدم اٹھانا پڑا اٹھائیں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ شہباز شریف پہلے ہی 200 یونٹ سے کم والوں کو سبسڈی دے چکے، دہشت گردوں کو واپس کون لایا تھا؟ یہ بھی گٹھ جوڑ تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں انتشار پھیلایا گیا جس کا یہ سب لوگ حصہ تھے، شواہد سامنے آ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا رابطہ بحال تھا، جیل سے پیغام رسانی جاری تھی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے اشتراک سے سولر ٹیوب ویل لگنے جا رہے ہیں، سرکاری خزانے پر بوجھ والے ادارے بند کرنے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ لطیف کھوسہ نے سرینہ عیسی کے بارے میں جو کہا وہ انہیں زیب نہیں دیتا۔
