وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ آئی ٹی یونیورسٹیز کے قیام کے لئے برطانوی اداروں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ کے صدر محمد نواز شریف سے مری میں برٹش ہائی کمشنر جین میری ایٹ کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں برٹش ہائی کمشنر اسلام آباد کی پولیٹیکل قونسلر زوی ویئر بھی موجود تھیں، اس موقع پر تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں پنجاب کے طلبہ کے لئے برطانیہ کی اعلیٰ جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع بڑھانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے حکومتِ پنجاب کے پائیدار اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے باہمی مہارتوں سے مستفید ہونے پر اتفاق ہوا۔
مریم نواز نے گورنس کا معیار بہتر بنانے کے لئے پولیس اور انتظامیہ کے مانیٹرنگ کیلئے کے پی آئی سسٹم سے آگاہ کیا جبکہ ڈیجیٹل پنجاب کے لئے جاری اقدامات پر گفتگو بھی کی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے نواز شریف آئی سٹی میں برطانوی اداروں کوسرمایہ کاری کی دعوت دی، برطانوی ہائی کمشنر کو پنجاب میں سولر پینل پراجیکٹ سے بھی آگاہ کیا گیا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب ڈیجیٹلائزیشن کے دور داخل ہوچکا ہے، عنقریب پنجاب لیڈ کرے گا، آئی ٹی یونیورسٹیز کے قیام کے لئے برطانوی اداروں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں محمد نواز شریف آئی ٹی سٹی، ٹوئن ٹاورز کا پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کررہا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے فارن کامن ویلتھ اینڈڈویلپمنٹ آفس کے تعلیم اور دیگر شعبوں کے اشترک کار کو سراہا۔
