وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آج کفایت شعاری کے اقدامات کی منظوری پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ آج وزارتِ خزانہ کی سمری پر کفایت شعاری اقدامات اور وزارتوں کا حجم کم کرنے کے فیصلوں کی منظوری دے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارش پر ایک لاکھ پچاس ہزار کے قریب خالی آسامیاں ختم کرنے کی منظوری دے گی، اس کے علاوہ کابینہ نان کور سروسز اور عام نوعیت کے کاموں کو آؤٹ سورس کرنے پر غور کرے گی۔
ذرائع کے مطابق آؤٹ سورسنگ کے نتیجے میں گریڈ 1 سے 16 تک کی متعدد آسامیاں بتدریج ختم کی جا سکیں گی، اس کے علاوہ وزارت خزانہ کو دیگر وفاقی وزارتوں کے کیش بیلنسز کی نگرانی کا اختیار دینے پر فیصلہ ہو گا۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اور وزارت سرحدی امور کو ضم کرنے پر غور کرے گی، اس کے علاوہ کابینہ کی جانب سے 28 محکموں اور اداروں کو مکمل بند کرنے کے فیصلے کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کی توثیق کرے گی، جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکج جاری رکھنے کی منظوری دی جائے گی، اس کے علاوہ وئیر ہاؤس اور لاجسٹکس کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کی بھی منظوری دی جائے گی۔
