راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب مستونگ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران تین دہشت گرد جہنم واصل اور تین دہشتگرد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں سمیت ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی کی شہادت میں بھی ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ آج کی کارروائی کے نتیجے میں گھناؤنے جرم کے مرتکب دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ قوم کی بھرپور تعاون سے سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن و استحکام اور ترقی کے دشمنوں کی تمام قوتوں کو ناکام بنائیں گی۔
