Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مریم نواز کی حکومت کو صرف چند ماہ ہوئے اور انکا کام بول رہا ہے، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی حکومت کو صرف چند ماہ ہوئے اور انکا کام بول رہا ہے۔

 وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مریم نواز دو صوبوں کی حکومتوں کے اعصاب پر بری طرح سوار ہیں، مریم نواز پنجاب میں مفت ادویات، طلبہ کو الیکٹرک بائیکس اور اسکالرشپ دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے آج اپنا گھر اپنی چھت میگا پروجیکٹ لانچ کردیا ہے، ایک شخص نے ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا پھر اس سے مکر گیا۔

 عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک جماعت گزشتہ 3 سال سے سندھ میں 21 لاکھ گھر بنانے کے صرف اعلانات کررہی ہے، ایک جماعت کی ایک صوبے میں 16 سال سے حکومت دوسری 11 سال سے حکومت کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ایک حکومت 16 سال بعد بھی کراچی کا کچرا نہیں اٹھا سکی دوسری 11 سال بعد بھی دریاؤں کو کراس کرنے والی ڈولیوں سے جان نہیں چھڑا سکی۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت کو صرف چند ماہ ہوئے، انکا کام بول رہا ہے اور مخالفین جھوٹا پروپیگنڈہ کررہے ہیں، جتنا وقت آپ مریم نواز کی کارکردگی پر جلنے کڑنے میں لگاتے اتنا اپنے کام پر فوکس کرتے آپکے صوبوں کا یہ حال نہ ہوتا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز اور ان کی ٹیم بشمول افسران دن رات عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں، سندھ اور خیبر پختونخواہ کی حکومتیں اپنے صوبوں کی بجائے پنجاب پر نظر رکھنے کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ دونوں حکومتوں کے اپنے اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کا کوئی پرسان حال نہیں مگر انکو فکر پنجاب کے اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی پڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو پنجاب کے عوام نے مینڈیٹ دیا تو وہ خدمت بھی پنجاب کی کریں گی، مخالفین دن رات مریم نواز کے بغض تعصب اور حسد میں جلنے کی ڈیوٹی پانچ سال سرانجام دیتے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version