سانحہ ماچھکہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 12 پولیس جوانوں کی شہادت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر امجد رشید کی مدعیت میں دہشتگردی، قتل اور اغوا سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں کوش سیلرا اور انڈھڑ گینگ کے 131 جرائم پیشہ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس جوان کیمپ سے واپسی پر جب شاہو کوش کے گھر کے پاس پہنچے تو ڈاکوؤں نے حملہ کردیا تھا۔حملہ لکھی، منی اور گڈو کوش کی سربراہی میں کیا گیا تھا۔
ڈاکوؤں کے پاس راکٹ لانچر ، جی تھری اور دیگر اسلحہ تھا۔ ڈاکوؤں نے پولیس جوانوں پر سیدھی فائرنگ کی، پولیس جوانوں نے بھی جوابی فائرنگ کی تھی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے بشیر شر مارا گیا تھا اور گڈی کوش زخمی ہوا ہے۔
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 12 پولیس جوان شہید اور 9 زخمی ہوئے تھے۔ڈاکو ایک پولیس اہلکار احمد نواز کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے ۔
ڈاکو فرار ہوتے ہوئے پولیس کا سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے تھے۔
ڈاکوؤں نے راکٹ لانچر اور فائرنگ سے پولیس گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
