Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مستحکم مستقبل کیلئے خطے کو دہشتگردی سے پاک کرنا ناگزیر ہے، بلاول بھٹو

چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ مستحکم مستقبل کیلئے خطے کو دہشتگردی سے پاک کرنا ناگزیر ہے۔

 چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پشین میں دہشت گردانہ دھماکے کی شدید مذمت کی اور دو بچوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔

  بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یقین ہے کہ اس بزدلانہ فعل میں ملوث  مجرم جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے، مستحکم مستقبل کیلئے خطے کو دہشتگردی سے پاک کرنا ناگزیر ہے۔

 چیئرمین بلاول بھٹو نے دھماکے میں شہید بچوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پشین میں پولیس لائنز کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی اور دھماکے میں کم سن بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

انہوں نے شہید بچوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا اور واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کی صحت یابی کی دعا بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمی افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، واقعے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ کم سن بچوں پر حملہ آور ہونے والے بزدل دھشتگرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع پشین کے مرکزی بازار سرخاب چوک پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق جبکہ 5 پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version