وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جو فیصلہ کرینگے وفاق انکے ساتھ ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان آنے کا مقصد صوبے کے دکھ میں شریک ہونا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جو فیصلہ کرینگے وفاق انکے ساتھ ہے، بلوچستان میں دہشت گردی کے مسئلے کے حل کے لیے کام کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ کو جو اسپورٹ چاہیے وفاق کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ دو روز کے دوران بلوچستان میں جو ہوا وہ برداشت نہیں کیا جا سکتا، دہشت گردوں کا سد باب کیا جائے گا، دہشت گردوں نے چھپ کر حملہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ صرف دہشت گرد ہیں انکا مقابلہ کرنا ہم جانتے ییں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک انکا پیچھا کرینگے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ جب بھی بلوچستان کو ضرورت ہوئی ہے وفاقی وزیر تشریف لائے، وفاقی وزیر داخلہ کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، دہشت گرد کمزور ٹارگٹ کو نشانہ بناتے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
