Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم آفس میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

اسلام آباد: وزیراعظم آفس میں مالی سال 2022- 23 کے دوران کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آفس نے سال میں ایک اعزازیہ دینے کے اپنے ہی احکامات کی خلاف ورزی کی، مالی سال 2022- 23 میں وزیراعظم آفس کے ملازمین و افسران کو پانچ تنخواہوں کے برابر اعزازیے دیے گئے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت خزانہ نے 27 جنوری 2022 کو مراسلے کے ذریعے سال میں ایک سے زیادہ اعزازیہ نہ دینے کی ہدایت کی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ مالی سال 2022- 23 میں وزیراعظم افس کے افسران و ملازمین کو 6 کروڑ 71 لاکھ روپے کے پانچ اعزازیے دیے گئے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم آفس نے کفایت شعاری پالیسی کو بھی ہوا میں اڑا دیا۔

آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم آفس نے جاری اخراجات میں سالانہ 15 فیصد کمی کی پالیسی پر بھی عمل درآمد نہیں کیا، مالی سال 2022- 23 میں دو کروڑ 11 لاکھ روپے کے اضافی اخراجات کیے گئے۔

آڈٹ رپورٹ میں وزیراعظم آفس کی جانب سے اوپن کمپٹیشن کے بغیر ادویات خریدنے اور مہمان داری کے لیے اوپن کمپٹیشن کے بغیر خریداری کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مالی سال 2022- 23 میں وزیراعظم آفس کی جانب سے اوپن کمپٹیشن کے بغیر مہمان داری کے لیے دو کروڑ 87 لاکھ روپے کے اخراجات کیے گئے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version