ایران اور عراق سے زائرین کی واپسی پر وزیراعظم شہباز شریف نے کمیٹی قائم کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری وزارت مذہبی امور کریں گے، کمیٹی میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری میری ٹائم افئیرز اور تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز شامل ہیں۔
کمیٹی زائرین کی بشمول سمندری راستے سے بحفاظت واپسی کو یقینی بنائے گی، وزارت مذہبی امور سیکرٹریٹ وزیر اعظم کو کمیٹی کی عملدرآمد پر رپورٹ پیش کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی ایران میں زائرین کو پیش آنے والے حالیہ حادثات کے تناظر میں تشکیل دی گئی ہے، کمیٹی ایران اور عراق سے واپس آنے والے زائرین کے سیکیورٹی خدشات سے متعلق بنائی گئی ہے۔
