وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے گا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیڈرآف دی اپوزیشن نے کچھ نکات اٹھائے ہیں، مطالبہ کیا پارٹی چیئرمین کے لیے حالات بہتر کیے جائیں، رانا ثناءاللہ بھی ان کے دورحکومت میں جیل جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو فائیو اسٹار سہولتیں میسر ہیں، بانی پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے گا، اگران کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے توعدالتوں میں جائیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ انہوں نے کس کے کہنے پر تحفے بیچے تھے، اپوزیشن سچ سننے کا حوصلہ پیدا کرے، جو قبرانہوں نے دوسروں کے لیے کھودی خود گر رہے ہیں۔
دوسری جانب حنیف عباسی نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو آج بلوچستان کا درد اٹھا ہے، سیاسی ورکر جیل میں جاکر چیخیں مار رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسی جیل ہے جس میں مرغی، مکھن، ٹریڈمل بھی ہے؟ یہ کون سی جیل ہے جس میں 90 میٹر کا سیل ہے؟ یہ کون سی جیل ہے جس میں اسلام آباد کے ہوٹل سے کھانا آتا ہے؟
حنیف عباسی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیسی سہولیات باقی قیدیوں کوبھی دی جائیں۔
