Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیپلز پارٹی بنیادی طور پر لوگوں کے مسائل حل کرنے کا نام ہے، قمر زمان کائرہ

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی بنیادی طور پر لوگوں کے مسائل حل کرنے کا نام ہے۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کا شکار ہے، آج غریب اپنے گھر کا بل اور بچوں کی فیس ادا نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ جب پیپلزپارٹی اقتدار میں آتی ہے تو وہ مزدور سمیت ہر شخص کو اس کا حق ادا کرتی ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے اس ملک کو کچھ نہیں دیا، اس ملک کے مسائل کا حل کسی ایک جماعت کے پاس نہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تمام جماعتوں کو مل کر اس ملک کے لیے کچھ کرنا ہوگا، ہمیں آپس میں نہیں لڑنا، ہمیں اس ملک کے لوگوں کے حقوق کے لیے لڑنا ہے، ہمیں مایوس نہیں ہونا، ہمیں مل کر مشکل وقت سے لڑنا ہے۔

 پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ اس وقت عام آدمی کے لیے بل ادا کرنا مشکل ہے، ہمیں ٹیکس ادا کرنا ہو گا کیونکہ پاکستان کی آمدنی کم ہے اور اخراجات زیادہ، دہشت گردی پر سیاست دانوں کی طرف سے غیر ذمہ دارانہ بیان دیے گئے، جو مناسب نہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں بلوچستان کا حل بلوچستان کے اندر سے کرنا ہے، میں یوٹیلیٹی اسٹور میں کام کرنے والے ملازمین کے ساتھ ہوں، حکومت کو چاہیے کہ ان ملازمین کو کسی اور محکمے میں نوکری دے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version