Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کواس وقت غیراعلانیہ جنگ کا سامناہے، احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کواس وقت غیراعلانیہ جنگ کا سامناہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجلاس میں بجلی کے نظام میں اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ نوازشریف نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اخراجات کم کر کے بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جائے، 2013  میں بھی ہم نے ورثے میں ملنے والے بجلی کے معاملے کو حل کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ اجلاس میں پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام بارے بھی بریفنگ دی گئی، جبکہ نواز شریف نے بلدیاتی نظام میں اصلاحات کی ہدایت کی  اس کے علاوہ پارٹی کو سرگرم اور منظم کرنے کے لئے تجاویز اجلاس میں پیش کی گئیں۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ آج کے اجلاس میں پارٹی کی تنظیم کو مضبوط اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ آج وہی لوگ چیخ رہے ہیں جو ان حالات کو پیدا کرنے کے ذمہ دار ہیں،  2017  میں ایک اناپرست اور ضدی نے اپنی ناتجربہ کاری سے ملکی ترقی کو تباہ کیا، آج چور مچائے شور والا معاملہ ہے، یہ آج کہہ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو سہولیات نہیں دی جا رہی۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ میری گرفتاری سے 3 دن قبل میری سرجری ہوئی تھی، مجھے ڈاکٹروں کی ہدایت کے باوجود فزیو تھراپسٹ نہیں دیا گیا، ہمیں تو اپنے وکلا سے ملنے کی اجازت نہیں تھی، بانی پی ٹی آئی کو اسی سیل میں رکھا گیا ہے جس میں مجھے رکھا گیا تھا، اگر وہ سیل غلط ہے تو بانی پی ٹی آئی کو پہلے مجھ سے معافی مانگنی چاہیئے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ نوازشریف کے لندن جانے کا پروگرام حتمی نہیں ہے، نوازشریف اگر لندن جائیں گے تو اپنے چیک اپ کیلئے جائیں گے، اور گئے توچیک اپ کراکے واپس آجائیں گے۔

 احسن اقبال نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کا 9 ستمبرہے، ریاستی اداروں، فوج کے خلاف مہم پرکوئی معافی نہیں ہوسکتی، پی ٹی آئی نے سیاست میں جگہ پیداکرنی ہے توقوم سےمعافی مانگنی ہوگی۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی نے وہ کیا جو دہشتگردوں کی بھی جرات نہیں تھی، بھارت کے ساتھ مل کرامریکا میں پاکستان مخالف قراردادمنظورکرائی، 9 مئی واقعات کی معافی مانگنےتک بانی پی ٹی آئی سےمذاکرات نہیں ہوں گے۔

 احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سے مولانافضل الرحمان کی کل ملاقات ہوئی ہے، جبکہ وزیراعظم دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو ایک اناڑی ناتجربےکارنے اجاڑا، بانی پی ٹی آئی جیل میں بڑی موج میں ہے، بانی پی ٹی آئی کووہ سہولیات دی گئی ہیں جو فائیواسٹارمیں ہوتی ہیں، وہ فائیو اسٹارجیل کاٹ رہے ہیں،وہ اسی سیل میں ہیں جہاں مجھے رکھا گیا تھا۔

احسن اقبال نے کہا کہ پیپلزپارٹی تمام تحفظات کے باوجود چاہتی ہے کہ حکومت چلے، ن لیگ یا پیپلزپارٹی میں کوئی بھی 100 فیصد ٹھیک نہیں ہے، ملک باربار الیکشن کا متحمل نہیں ہوسکتا، سیاستدانوں کو اپنی نالائقی کوٹھیک کرناہوگا۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف نے ہدایت کی کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں، ن لیگ مطالبہ کرتی ہے کہ مؤثربلدیاتی نظام قائم کریں، اجلاس میں بجلی سستی کرنے کیلئے اصلاحات پر غور کیاگیا، جبکہ ان لیگ اجلاس میں پنجاب بجلی ریلیف کاجائزہ لیاگیا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version