Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا کریں گے، مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا کریں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز سے اخوت کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب کی ملاقات ہوئی، اس دوران مریم نواز نے امجد ثاقب کی سربراہی میں اخوت کی سماجی خدمات کو سراہا۔

ملاقات میں ڈاکٹر امجد ثاقب نے بجلی کے بلوں میں عوامی ریلیف اور اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کو خراج تحسین کیا۔

 اس موقع پر مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنی چھت کے خواب کو پورا کریں گے، پنجاب میں لو کاسٹ ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے، ہر سال دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا اور سستا رہائشی پروجیکٹ ہوگا، اس پروجیکٹ کا بنیادی مقصد مالی طور کمزور طبقوں کو رہائش فراہم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کے لئے حکومتی سبسڈیز دیں گے اور آسان ترین ماہانہ اقساط مقررکریں گے، اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت پائیدار اور ماحول دوست گھروں کی تعمیر کو فروغ دیا جائے گا، انقلابی ہاؤسنگ پروجیکٹ کے اجراء سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا اور لاکھوں خاندان بہتر زندگی گزار سکیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام سود کے بغیر قرضوں کی فراہمی کے لئے ملکی تاریخ کا پہلا بڑا پروجیکٹ ہوگا، بے گھر لوگوں کو اپنے گھر کی فراہمی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام میں تین پلان کے تحت پروجیکٹ لانچ کیے جارہے ہیں، دیہات میں 10مرلے تک اور شہروں میں پانچ مرلے تک رہائشی پلاٹ کے مالکان 15لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس اسکیم میں تقریباً 14ہزار روپے ماہانہ اقساط میں واپس کرنے ہوں گے، کوئی سود نہیں، بڑے شہروں میں سرکاری زمینوں پر 4منزلہ فلیٹس تعمیر کریں گے، فلیٹ آسان اقساط سے قرعہ اندازی کے ذریعے لوگوں کو مہیا کیے جائیں گے۔

 مریم نواز ںے مزید کہا کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیموں میں تین سے پانچ مرلے تک گھربنا کر دیے جائیں گے، اس پروجیکٹ میں حکومت ہر گھر کے لئے10 لاکھ روپے تک سبسڈی دے گی، پرائیویٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ درخواست دہندہ پانچ سالوں میں باقی اقساط ادا کرکے اپنے گھر کا مالک بن جائے گا۔

دوسری جانب ڈاکٹر امجد ثاقب کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے مریم نواز شریف کا جذبہ قابل تحسین ہیں۔

اس موقع پر چیف سیکیرٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکریٹری ساجد ظفر ڈال، سیکریٹری ہاؤسنگ اسد اللہ خان،چیف منسٹر کمپلینٹ سیل کے سربراہ شعیب مرزا، سیکریٹری سی ایم آفس دانش افضال اور پرسنل سیکریٹری صائمہ فاروق بھی موجود تھیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version