اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین اورحکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔
یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین اورحکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد یوٹیلیٹی اسٹور ملازمین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا جب کہ حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز بند نہ کرنے کے فیصلے سے متعلق یقین دہانی کروادی ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے حکام راجہ مسکین نے مذاکرات کی کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بڑی لمبی جدوجہد کی ہے، آج وفاقی وزیر سے مذاکرات ہوئے اور وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا ہے کہ ہم یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند نہیں کریں گے۔
راجہ مسکین نے بتایا کہ حکومت نے کہا ہے کہ 7 ارب رمضان ریلیف اور 50 ارب کی سبسڈی بھی دی جائے گی جب کہ ادارے کو بہتر بنانے کے لئے یونین سے مل کر قانون سازی کی جائے گی، وفاقی وزیر رانا تنویر نے ہمیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز علی عامر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مذاکرات کے دوران وزیراعظم ہاؤس سے کال آئی کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی، ادارے کی ری اسٹرکچرنگ ہوگی جب کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ کسی کو بےروزگار نہیں کیا جائے گا۔
علی عامر مزید کہتے ہیں کہ تنخواہوں کے بارے میں بھی کام کیا جائے گا جب کہ یقین دلایا گیا ہے کہ ہمارے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔
