اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پاکستان، یورپ اور البانیہ کی وزارت خارجہ کے مابین سیاسی روابط اور مذاکرات کے ایم او یو طے کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی کابینہ نے 10 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی۔
اجلاس میں پاکستان، یورپ اور البانیہ کی وزارت خارجہ کے مابین سیاسی روابط اور مذاکرات کے ایم او یو طے کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ کابینہ نے وفاقی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین سید جنید اخلاق کی بطور چیئرمین بورڈ مدت ملازمت میں توسیع کی بھی منظوری دے دی۔
اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے ورچوئل یونیورسٹی کے لئے اسلام آباد میں زمین کی خریداری کی بھی منظوری دے دی جبکہ گوادر اور ترکمان باشی بندر گاہوں کے مابین معاہدے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس کے دوران کابینہ نے پاکستان میں مذہبی رواداری سے متعلق اسٹریٹجی 2024 کی بھی منظوری دی اور بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کی بھی منظوری دے دی گئی۔
