اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تمام گرفتار اراکین کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں/ اراکین نے ملاقات کی جس میں اراکین قومی اسمبلی کی پارلیمنٹ سے گرفتاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوران ملاقات تمام رہنماؤں نے کل رات کے واقع کی مذمت اور اسپیکر سردار ایاز صادق سے سخت سے سخت ایکشن لینے کی استدعا کی۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے معاملے کو تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر حل کرنے کا عزم کیا، تمام جماعتوں نے ایسے معاملات سے نمٹنے کے لیے مکمل ضابطہ کار بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
ایاز صادق نے کہا کہ کل رات کے واقع پر دل انتہائی رنجیدہ ہے، پارلیمنٹ کے تمام ممبران میرے لئے انتہائی قابل احترام ہیں، پارلیمنٹ کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے گرفتاریوں کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں، پارلیمنٹ سے گرفتاریوں کے حوالے سے فوری اور مکمل تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے۔
اسپیکر نے آئی جی اسلام آباد کو اپنے دفتر میں طلب کر کے واقع سے متعلق معلوم کیا، اسپیکر قومی اسمبلی نے آئی جی اسلام آباد کو قانونی طریقہ کار کے مطابق گرفتار اراکین کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
اسپیکر نے آئی جی اسلام آباد کو تمام گرفتار اراکین سے مہذب برتاؤ اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کی خصوصی ہدایت کی۔
ایاز صادق نے کہا کہ کل رات کے واقع کی مکمل تحقیقات عمل میں لائی جائیں گی، کل رات کے واقع کی مکمل فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد سے واقع کی فوری اور مکمل رپوٹ بھی طلب کر لی ہے، پارلیمنٹ کا تقدس اور احترام سب پر لازم ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزراء اور اراکین اسمبلی رانا ثناءاللہ ، اعظم نذیر تارڑ، عبد العلیم خان، سید خورشید شاہ، سید نوید قمر، طارق فضل چوہدری، نور عالم خان، شناندانہ گلزار، خالد حسین مگسی، چوہدری سالک حسین، سید امین الحق، امجد علی خان، شاہدہ اختر علی، علی محمد خان، صاحبزادہ حامد رضا اور دیگر نے شرکت کی۔
یاد رہے کل رات پی ٹی آئی کے کچھ ممبران اسمبلی کو پارلیمنٹ بلڈنگ کے اندر سے گرفتار کیا گیا تھا جس پر تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں شدید ردعمل دیا۔
