کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بلدیاتی اداروں کو ربیع الاول کے جلوسوں کے انتظامات کرنے کی ہدایت دے دی۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ربیع الاول کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں میلاد النبیﷺ کے جلوسوں کے انتظامات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبیﷺ 17 ستمبر 2024ء کو منایا جائے گا، 12 ربیع الاول عقیدت، محبت اور احترام کے ساتھ منایا جائے گا، علماء کی مشاورت سے جلوسوں کے راستوں پر ضروری انتظامات کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے احکامات جاری کیے ہیں کہ مساجد میں پانی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے، سیکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے پولیس کو ہدایات دی ہیں، ہماری انتظامیہ اور پولیس نے پہلے ہی ربیع الاول کے جلوسوں کے منتظمین سے اجلاس کیے ہیں۔
اجلاس کے دوران علماء نے جو تجاویز دیں وزیراعلیٰ نے ان پر انتظامیہ کو عمل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ سرکاری عمارات پر عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر چراگاں کیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی وزیر توانائی کو بھی ہدایت دی کہ صوبے میں عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، کے-الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کے باعث زیادہ تر سڑکیں خراب ہوگئی ہیں، ہم فوری سڑکوں کی مرمت نہیں کر سکیں گے لیکن کچھ پچ ورک کرنے کی کوشش کریں گے۔
اجلاس میں علماء اکرام میں حاجی حنیف طیب، علامہ کوکب نورانی، محمد جان نعیمی، علامہ شاہ عبدالحق قادری، مولانا یعقوب طیب ترابی اور دیگر شریک تھے۔
علاوہ ازیں صوبائی وزراء، شرجیل میمن، ناصر شاہ، سعید غنی، ضیاء الحسن لنجار، ریاض حسین شاہ شیرازی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری ٹو سی ایم رحیم شیخ، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو اور دیگر افسران نے اجلاس میں بھی شرکت کی۔
