ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ پاک چین اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کا اہم حصہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہتھیاروں کے عدم پھیلائو اور تخفیف پر مشاورت کا نواں دور اسلام آباد میں ہوا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹرجنرل برائے تخفیف اسلحہ ڈویژن طاہر اندرابی نے بات چیت میں وفد کی قیادت کی جبکہ دوسری جانب چینی ہم منصب سنیائو بو نے مشاورتی دور میں اپنے وفد کی قیادت کی۔
ملاقات میں پاکستان اور چین نے تخفیف اسلحہ اور ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے حوالے سے تمام امور پر تبادلہ خیال کیا، اس کے علاوہ مشاورتی دور میں عالمی و علاقائی سلامتی، جدید اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، سائبر سیکیورٹی اور ارٹیفیشل انٹیلیجنس سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بیرونی خلا اور ایٹمی ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کا معاملہ بھی زیر غور آیا، اس کے علاوہ پاک چین مشاورتی دور کے ایجنڈے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی میں کثیر الجہتی اصلاحات پر بھی غور کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق تخفیف اسلحہ کانفرنس آئی اے ای اے، کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم اور دیگر کنونشنز اور معاہدوں پر بھی غورکیا گیا۔
ہوئی چینی ڈائریکٹر جنرل کی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے بھی ملاقات ہوئی جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت اور ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سمیت اہم امور پر غورکیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ پر مشاورت کا دسواں دور آئندہ برس بیجنگ میں ہوگا۔
