چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ میں نہیں سمجھتا کہ آئین و قانون کے مطابق کوئی بل پیش کیا جاسکتا ہے۔
اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ آج آئین و قانون کے مطابق کوئی بل پیش کیا جاسکتا ہے، بل پیش کرنے کیلئے آئین و قانون میں طریقہ کار وضع ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کہتا ہے اسمبلی کے رولز کو فالو کیا جائے، بل لانے کیلئے ایوان سے منظوری ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا موجوزہ ترمیمی بل ہمارے پاس ایجنڈے کی شکل میں نہیں آیا، حکومت کی جانب سے بل پیش کرنے سے پہلے کابینہ سے منظوری لازمی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کل کابینہ کے اجلاس میں کسی بل کی منظوری نہیں دی گئی، اگر آج کوئی بل پیش کیا جاتا ہے تو یہ آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔
خیال رہے کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئینی ترامیم پیش کیے جانے کا امکان ہے، آئینی ترامیم میں عدلیہ سے متعلق ترامیم بھی شامل ہیں، حکومت کی جانب سے آئینی ترامیم کے معاملے کو انتہائی رازداری میں رکھا گیا ہے۔
آئینی ترامیم کو تاحال قومی اسمبلی کے متعلقہ حکام سے بھی خفیہ رکھا گیا ہے۔
