وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ نبیﷺ کا ذکر آج بھی بلند ہے اور ہمیشہ بلند رہے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیرت نبیﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبیﷺ سے اللہ تعالیٰ نے محبت کی، میرے دادا عاشق رسولﷺ تھے، ہماری فیملی میں ربیع الاول کا مہینہ عزت و احترام سے منایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے گھر کو بھی برقی قمقموں سے سجایا جاتا اور مٹھائیاں تقسیم ہوتی ہیں، یہ دیکھ کر بڑی ہوئی ہوں، میری والدہ اور دادا سمیت فیملی کے بزرگ عاشق رسولﷺ تھے۔
مریم نواز نے کہا کہ آج کل کے والدین کو کہنا چاہوں گی کہ بچوں کو نبی کریمﷺ کی زندگی کی کہانیاں سنائیں تاکہ ان کو ذہن نشین رہے، ہمارے نبیﷺ کا ذکر آج بھی بلند ہے اور ہمیشہ بلند رہے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نبیﷺ نے انسانی حقوق کا پہلا منشور دیا، خواتین ہوں یا پسے ہوئے طبقات ہوں، کالے گورے اور غریب و امیر کی تفریق نبی ﷺ نے ختم کر دی، عورت کو جو حقوق اسلام نے دئیے وہ کسی اور مذہب نے نہیں دیئے۔
