Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں ایف بی آر ٹرانفارمیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اہم معاشی اصلاحات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، محصولات میں بہتری سے عوام کو سروسز کی فراہمی اور سوشل سیکٹر میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے ایف بی آر کے انفورسمینٹ کی نظام کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کا انفورسمینٹ کا نظام بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کی تعریف بھی کی اور کہا کہ اچھے ٹیکس دہندگان کو دعوت دیں اور ایف بی آر ٹرانفارمیشن پلان پر ان سے مشاورت کی جائے اور تجاویز لی جائیں۔

وزیراعظم نے ایف بی آر ٹرانفارمیشن پلان کے حوالے سے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت کی بھی ہدایت کی اور ایف بی آر کو ان تجاویز پر عملدرآمد کے لئے متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ مل کر تفصیلی تبدیلیوں کی منظوری حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے ایف بی آر کے تمام منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی تاکید کی اور کہا کہ نجی شعبہ کا فروغ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، فعال اور خوشحال نجی شعبہ ملکی معیشت کے لئے انتہائی ضروری ہے۔

اجلاس نے ایف بی آر کے ٹیکس وصولی کے انتظام کے حوالے سے ایف بی آر کے ہوم گرون ٹرانفارمیشن پلان کی اصولی منظوری دے دی۔

اجلاس کے دوران اسمگلنگ کو روکنے کے لئے ایف ڈبلیو او کی معاونت سے نئی چیک پوسٹوں بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

بعدازاں وزیراعظم نے اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات تیز تر کرنے کی بھی ہدایت دے دی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version