وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل پارکس سندھ اور پنجاب میں قائم کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اہم گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی چین کے روہی گروپ کے چیئرمین سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور روہی گروپ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے تحت پاکستان میں ٹیکسٹائل پارکس قائم کیے جائیں گے، روہی گروپ پہلے ہی سی پیک کے تحت ساہیوال کول پراجیکٹ مکمل کر چکا ہے، 21 ماہ کے ریکارڈ وقت میں یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ٹیکسٹائل پارکس سندھ اور پنجاب میں قائم کیے جائیں گے، چین کا بڑا گروپ ٹیکسٹائل پارکس میں چین کی سو سے زائد کمپنیوں کو دعوت دے گا، پہلے مرحلے میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری جبکہ دوسرے مرحلے میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مجموعی طور پر 7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، ٹیکسٹائل پارکس میں ہول سیل سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے، مقامی طور پر 3 سے 5 لاکھ افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا، پہلے ہی ہماری 14 فیصد برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ کم ہوا ہے۔
