Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین کے ساتھ تعلقات میں صوبہ سنکیانگ پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات میں صوبہ سنکیانگ پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے وزیر سیاسی و قانونی امور چن مینگوو کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔

وزارتِ داخلہ آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کے وزیر اور وفد کا خیر مقدم کیا، ملاقات میں انسداد دہشتگردی، کراس بارڈر تعاون، انسداد سمگلنگ و منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، اس کے علاوہ انسداد دہشتگردی کے ضمن میں گلگت بلتستان یا سنکیانگ میں پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی مشترکہ مشقیں کرانے کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں گلگت بلتستان پولیس افسران کی سنکیانگ پولیس اکیڈمی میں ٹریننگ کرانے پراتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے۔ سدباب کےلئے جامع اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کیلئے جلد پاکستانی وفد صوبہ سنکیانگ کا دورہ کرے گا، جبکہ چین کے وزیرنے وفاقی  وزیر داخلہ محسن نقوی کو سنکیانگ کے دورے کی دعوت بھی دی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ چین کے ساتھ تعلقات میں صوبہ سنکیانگ پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کا پڑوسی ہونے کے ساتھ ساتھ سنکیانگ کے ساتھ ہماری چھ سو کلومیٹر کی طویل سرحد ہے، سی پیک کا منصوبہ بھی چین کے صوبہ سنکیانگ سے گزرتا ہے۔

محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ سنکیانگ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کہ منشیات، اسلحہ، سازوسامان اور ہر قسم کی سمگلنگ کا مکمل سدباب کیا جائے، پاکستانی وفد کے دورے سے باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے  کی نئی راہیں سامنے آئیں گی۔

دوسری جانب چینی وزیر چن مینگوو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں آگے بڑھانا چاہتے ہیں، دہشتگردی مشترکہ مسئلہ ہے، سنکیانگ بھی کئی سالوں تک دہشتگردی کا شکار رہا، پاکستان انسداد دہشتگردی کے ضمن میں سنکیانگ کے تجربہ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، ملاقات میں پاکستان چین خصوصا صوبہ سنکیانگ کے ساتھ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں سنکیانگ کے ڈپٹی سیکرٹری کمیٹی  پارلیمانی و قانونی امور، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل پولیس، وائس پریزیڈنٹ سنکیانگ پولیس اکیڈمی شامل تھے۔ سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، اسپیشل سیکرٹری داخلہ وقاص علی محمود اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نذر محمد بزدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version