اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے ایک ممبر کی جانب سے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی تجویز سامنے آگئی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا ساتواں اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے، اسپیکرز کے خطوط اور قانونی ٹیم کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا جب کہ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، سیکرٹری اور قانونی ٹیم نے بھی شرکت کی۔
ذرائع نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن تاحال متفقہ فیصلہ نہیں کرسکا ہے تاہم الیکشن کمیشن کے ایک ممبر نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے کی تجویز دے دی ہے۔
ذرائع نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ایک ممبر نے تجویز دی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کر کے توہین عدالت کا مرتکب نہیں ہونا چاہیے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ الیکشن کمیشن کے ایک ممبر کی جانب سے تجویز سامنے آنے کے بعد دیگر ممبران نے موقف اختیار کیا کہ کیا ہمیں اپنے اختیارات اور قانون کو سرنڈر کر دینا چاہیے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ قانونی ٹیم نے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے دوبارہ رجوع کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔
