Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلوچستان کو پاکستان کا قابل دید سیاحتی مرکز بنانے کیلئے پرعزم ہیں، میر سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کو پاکستان کا قابل دید سیاحتی مرکز بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا عالمی یوم سیاحت پر پیغام دیتے ہوئے کہنا ہے کہ باعث مسرت ہے کہ آج سیاحت کا عالمی دن “سیاحت اور امن” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، بلوچستان میں سیاحت کو فروغ دینے کی جامع حکمت عملی پر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سیاحتی لحاظ سے دنیا کا خوبصورت ترین خطہ ہے، سرزمین بلوچستان میں ہر مکتبہ فکر کے لوگ آباد ہیں، یہاں کے باسی صدیوں پرانی روایات پر آج بھی قائم و دائم ہیں، پاکستان کے تقریباً آدھے رقبے پہ قائم یہ خطہ طویل دریاؤں، میدانی علاقوں، صحرائی زمین اور اونچے اونچے پہاڑی سلسلوں کی وجہ سے مشہور ہے۔

میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ جغرافیائی حوالے سے یہ خطہ منفرد حیثیت کا حامل ہے، بلوچستان کو پاکستان کا قابل دید سیاحتی مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہیں، سیاحت سے اقوام اور ثقافتوں کے مابین محبت اور امن کی شمیں روشن ہوتی ہیں، سیاحت سے امن کا فروغ ممکن ہے، بلوچستان قدیم دور سے مختلف تہذیبوں کا سنگم رہا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قدیم دور میں فاتحین کے لیے یہاں کے درّے  رہنمائی کی علامت سمجھے جاتے تھے، بلوچستان کا درّہ بولان، درّہ مولا اور ژوب ایک تاریخی حیثیت رکھتے ہیں، بلوچستان میں کچھی اور لسبیلہ کے دوبڑے میدانی علاقوں سمیت دنیا کے بڑے صحراؤں میں شامل ”صحرائے مکران”بھی موجود ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version