اسلام آباد: پاکستان نے مشرق وسطی میں اسرائیل کی بڑھتی مہم جوئی کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطی میں اسرائیلی مہم جوئی میں اضافے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے شہریوں پر بڑھتے ہوئے حملے اور بین الاقوامی قوانین کی پامالی خطرناک حد تک پہنچ چکے ہیں، گزشتہ کئی روز سے اسرائیلی فورسز لبنان کی خود مختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز مسلسل شہرری آبادی کو نشانہ بنا کر لبنان کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہیں، پاکستان اسرائیلی جارحیت کے متاثرین اور لبنان کے عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل کا اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں قتل پہلے سے غیر مستحکم خطے کو مزید خطرات سے دوچار کرے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان لبنان کے عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیل کو مہم جوئی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے روکے۔
