Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپریم کورٹ میں تقسیم ختم ہونی چاہیے، حافظ نعیم الرحمان

کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں تقسیم ختم ہونی چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ہمارے ساتھ کیے معاہدے پر عمل نہیں کیا، حکومت نے دوماہ کے لئے پنجاب میں کچھ بلز کم کیے آئی پی پیز سے کچھ بات چل رہی ہے مگر یہ کچھ زیادہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں تقسیم ختم ہونی چاہیے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے پاس سپریم کورٹ کی تقسیم روکنے کی کنجی ہے، فائز عیسیٰ ترمیم ہونے یا نہ ہونے دونوں صورتوں میں پچیس اکتوبر کو ریٹائر ہونے کا اعلان کریں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی حیثیت نہیں فارم سینتالیس کی بنی ہے، سیاسی جماعتیں ترمیم کے کچھ حصوں کو ماننے یا نہ ماننے کی بات نہ کریں، قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ کے بعد اگر کوئی ترمیم لانی ہے تو اتفاق رائے سے لائی جائے، فی الوقت تو پوری کی پوری ترمیم مسترد ہونی چاہیے۔

انکا کہنا تھا کہ فلسطین، لبنان، یمن پر اسرائیل نے بمباری شروع کر رکھی ہے، لبنان میں اسرائیلی فوجیں داخل ہوچکی ہیں، اسرائیل کو 7 اکتوبر کو شکست ہوچکی ہے، حماس نے سات اکتوبر کو دنیا کا خفیہ ترین آپریشن کیا، مسلم فوجیں فلسطین کے لیے کچھ بھی نہ کرسکیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل سے ہزاروں لوگ خوف سے بھاگ رہے ہیں، اسرائیل گریٹر اسرائیل کے ایجنڈے پر گامزن ہے، اسرائیل کی منزل مکہ ومدینہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم پر خاموشی اختیار کرنے والے مت سوچیں وہ بچ جائیں گے، غزہ میں اب تک 43 ہزار لوگ شہید ہوچکے ہیں، غزہ میں ہزاروں لاشیں ملبے کے اندر موجود ہیں، پوری امت مسلمہ کو غزہ کے ساتھ کھڑے ہوجانا چاہیے تھا، امت مسلمہ متحد ہوتی تو اسرائیل کچھ نہیں کرسکتا تھا۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ سات اکتوبر کو اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین ملین مارچ کیا جائے گا، سات اکتوبر کو دن بارہ بجے تمام طبقات زندگی اپنے اپنے دفاتر تعلیمی اداروں سمیت سب اپنے اپنے اداروں کے سامنے احتجاج میں کھڑے ہوں، پورے پاکستان سے سڑکوں پر کھڑے ہوں، حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version